کانپور،15؍نومبر(ایس او نیوز؍ایجنسی) اتر پردیش میں کانپور کے ایک گاؤں میں معصوم بچی کے ساتھ انتہائی خوفناک واقعہ سرزد ہوا۔ 6 سالہ بچی کی کٹی ہوئی لاش برآمد ہوئی ہے جس کے بعد علاقے میں غم کا ماحول ہے۔ بچی کے کئی اہم اعضا سمیت انگلیاں بھی غائب ہیں۔ پولس کو کسی جانور کے ذریعہ حملہ کیے جانے کا اندیشہ ہے۔ خبروں کے مطابق ہفتہ کی شب کو بھادرس گاؤں میں یہ لڑکی پٹاخے خریدنے کے لیے اپنے گھر سے نکلی تھی۔ جب وہ دیر رات تک نہیں لوٹی تو فیملی نے اس کی تلاش شروع کی۔ بعد میں اس کی لاش اتوار کو کالی مندر کے پاس جھاڑیوں میں ملی۔
اس واقعہ کے تعلق سے لڑکی کے والد کرن سنکھوار نے الزام عائد کیا ہے کہ ان کی بیٹی کو جادو ٹونے کے لیے مارا گیا ہے، اس کے دونوں پھیپھڑے غائب ہیں۔ پولس نے کہا کہ ہو سکتا ہے لڑکی کو کسی جنگلی جانور نے مار ڈالا ہو۔ ایس پی (دیہی) برجیش شریواستو نے کہا کہ ’’بچی کی لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دیا گیا۔ پولس سبھی زاویے سے معاملے کی جانچ کر رہی ہے اور مجرم کو بخشا نہیں جائے گا۔‘‘
واقعہ کی خبر گاؤں میں پھیلنے کے بعد ایک غم کا ماحول دیکھنے کو مل رہا ہے۔ کچھ لوگ قتل کا اندیشہ ظاہر کرتے ہوئے ناراضگی کا اظہار کر رہے ہیں جس کو دیکھتے ہوئے علاقے میں پولس فورس تعینات کر دی گئی ہے تاکہ کوئی ناخوشگوار واقعہ سرزد نہ ہو۔